مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سابق وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے جو راستہ اختیار کیا، یعنی فوجی کارروائی، میرے خیال میں وہ ایک غلط فیصلہ تھا؛ کیونکہ اس سے پہلے کی تمام امریکی حکومتیں بھی اس آپشن پر غور کر چکی تھیں اور اس نتیجے پر پہنچی تھیں کہ فوجی کارروائی کو واقعی آخری چارۂ کار ہونا چاہیے۔
امریکی سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگر آپ ایسی کارروائی کرتے بھی تو شاید ایران کو کچھ عرصے کے لیے پیچھے دھکیل سکتے تھے، لیکن حقیقت میں یہ پسپائی ممکنہ طور پر صرف ایک یا دو سال تک محدود رہتی۔ اس کے برعکس، ان کا جوہری پروگرام زمین کی مزید گہرائیوں میں منتقل ہو جاتا اور وہ دوبارہ واپس آتے اور اس سے بھی زیادہ وسیع پیمانے پر سرگرمیاں انجام دیتے۔
انتھونی بلنکن نے مزید کہا کہ اگرچہ صدر کے لیے اس صورت حال سے نکلنے کا راستہ واضح طور پر موجود تھا اور اب بھی موجود ہے، لیکن اس راستے میں مسئلہ یہ ہے کہ اس کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرنا ضروری ہے کہ وہ کامیاب نہیں ہوئے۔ کیونکہ اس صورت حال سے نکلنے کے لیے ایران کے ساتھ کسی نہ کسی قسم کا سمجھوتہ کرنا ہوگا اور یہی وہ بات ہے جسے تسلیم کرنے سے وہ گریز کر رہے ہیں۔
بلنکن نے کہا کہ اب بھی اس صورت حال سے نکلنے کا راستہ موجود ہے۔ میرے خیال میں کسی معاہدے تک پہنچنا اور سفارتی حل تلاش کرنا مکمل طور پر ممکن ہے۔ تاہم، ایسے حل کے تحت ایران کی جوہری پروگرام سے متعلق سرگرمیاں شاید اس معاہدے (جوہری معاہدے، برجام) سے زیادہ مختلف نہ ہوں جسے ٹرمپ نے منسوخ کر دیا تھا، بلکہ یقیناً اس سے بہتر بھی نہیں ہوں گی۔ اس حقیقت کو تسلیم کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے میں، جو اس جنگ کے آغاز سے پہلے کوئی مسئلہ نہیں تھا، اب ہمیں ایک ایسے مسئلے کا سامنا ہے جس سے نمٹنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے کیا جانے والا فیصلہ تقریباً یقینی طور پر ایران کو ایک رعایت دے گا۔ مجھے یہ بات کہتے ہوئے بالکل اچھا نہیں لگ رہا، لیکن شاید حقیقت یہی ہے کہ ایران کو کسی نہ کسی قسم کی ’فیس‘ ادا کرنا ہوگی، اگرچہ اسے فیس کا نام نہیں دیا جائے گا۔
امریکی سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کا رقبہ کیلیفورنیا سے چار گنا اور عراق سے تین گنا زیادہ ہے۔ اس کی آبادی 90 ملین (9 کروڑ) ہے۔ آبنائے ہرمز کے ساتھ پھیلا ہوا اس کا ساحلی علاقہ بہت وسیع ہے۔ ایران جن ہتھیاروں کی تیاری کا سلسلہ اب بھی جاری رکھے ہوئے ہے، وہ ملک کے اندرونی علاقوں میں تعینات ہیں اور ان کی مار کرنے کی صلاحیت اتنی زیادہ ہے کہ ان سب کو آسانی سے تباہ نہیں کیا جا سکتا۔ ایسا کرنے کے لیے غالباً کسی قسم کی زمینی فوجی کارروائی کی ضرورت ہوگی، جو خود ایک مکمل تباہی کے مترادف ہوگی۔ حقیقت یہ ہے کہ اس تنازع کے آغاز کے مقابلے میں ایران اب خطے میں زیادہ مضبوط پوزیشن حاصل کر چکا ہے۔
آپ کا تبصرہ